اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)بہاولپور کے قریب M-5 موٹروے، جسے ملتان سکھر موٹروے بھی کہا جاتا ہے، پر ایک سلیپر بس کے آئل ٹینکر سے ٹکرانے کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ مسافر بس لاہور سے کراچی جا رہی تھی۔
موٹروے حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ موٹروے حکام کے مطابق، حادثہ اس وقت پیش آیا جب ملتان سکھر موٹروے پر تیز رفتار سلیپر بس بے قابو ہو کر آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ ایم فائیو موٹروے پر جائے حادثہ پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک معطل رہی۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق آئل ٹینکر اور بس میں تصادم کے فوری بعد آگ لگ گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ مقامی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔
ترجمان کے مطابق آگ اتنی شدید اور خوفناک تھی کہ دور سے دکھائی دے رہی تھی۔ زیادہ تر مسافروں کو جلتی ہوئی گاڑیوں سے زندہ بچا لیا گیا اور انہیں فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ جلتی ہوئی بس سے کم از کم نو مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
ترجمان موٹروے کا مزید کہنا تھا کہ ریسکیو ٹیموں کو آگ بجھانے میں کئی گھنٹے لگے۔ آئی جی خالد محمود کی ہدایت پر موٹروے پولیس نے ایمرجنسی کرائسز سنٹر قائم کر دیا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران ڈی آئی جی شاہد جواد بھی موقع پر موجود تھے۔