اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی ایک لعنت بن چکی ہے، اس کے خاتمے کا ہمارا عزم پختہ ہے۔
پاکستان نیول وار کالج لاہور میں ساتویں میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاک بحریہ ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ پاک بحریہ کے بہادر افسران اور جوان پاکستان کی سمندری سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں بلیو اکانومی کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ ہماری ترقی اور خوشحالی بلیو اکانومی سے ہی ممکن ہے۔ گوادر کی بندرگاہ کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کا ہمارا عزم پختہ ہے۔ اپیکس کمیٹی کا اجلاس امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے ہوا۔ ہم ملک میں فول پروف سکیورٹی چاہتے ہیں تاکہ لوگ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کر سکیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گا۔ ہماری سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف روزانہ قربانیاں دے رہی ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار لوگ شہید ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور پاکستانی فوج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ 2018 میں ہم نے ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر دیا تھا۔ بدقسمتی سے دہشت گردی کی لعنت نے اب دوبارہ سر اٹھایا ہے۔