اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں خارجی دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرکے 12 جوانوں کو شہید کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ضلع بنوں کے علاقے مالی خیل میں خوارج نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی، دہشت گردوں کی چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش کو فورسز نے ناکام بنا دیا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 12 جوان شہید ہوگئے۔جبکہ 6 دہشت گرد مارے گئے آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خوارج نے چیک پوسٹ میں داخل ہونے میں ناکامی پر بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی، خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا ایک حصہ گر گیا، عمارت کو نقصان پہنچا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق شہدا میں فوج کے 10 سپاہی اور فرنٹیئر فورس ایف سی کے 2 سپاہی شامل ہیں۔ صدر آصف علی زرداری،وزیراعظم شہباز شریف، چیرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بنوں میں خوارج دہشت گردوں کے حملے میں بارہ سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے الگ الگ بیانات میں، انہوں نے دہشت گردی کی لعنت کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔صدر آصف علی زرداری نے ملک کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ مادر وطن کی حفاظت کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ قوم کے بیٹوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والے فتنہ الخوارج کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔