اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)ضلع خیبر میں دہشت گردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ، خودکش دھماکے میں 2 اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے، جب کہ ایک حملہ آور ہلاک اور دیگر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ضلع خیبر میں تخت بیگ چیک پوسٹ پر نامعلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کی اور پھر خودکش دھماکہ کیا
دہشت گردوں کے حملے کے بعد پاک افغان شاہراہ پر ٹریفک بند ہوگئی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے چیک پوسٹ پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے اضافی پولیس نفری بھیجنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، انہوں نے شہید اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔