اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، دہشت گردی کو اسلام سے جوڑنا درست نہیں
نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 2001 کے بعد دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار مسلمان ہوئے، دہشت گردی کا الزام مسلم دنیا پر لگانا بالکل غلط ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیں اپنی قربانیوں پر فخر ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کو باہر سے سپورٹ کیا گیا، ایف اے ٹی ایف نے دہشت گردوں کی حمایت روکنے کے لیے ہمارے اقدامات کی حمایت کی، دہشت گرد عناصر کو ہمارے پڑوسی ملک سے سپورٹ مل رہی ہے، جوہر ٹاؤن دھماکے میں بھارت کا ہاتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں بھارت کو بتانا چاہتا ہوں کہ اسامہ بن لادن مر گیا لیکن گجرات کا قصاب زندہ ہے اور بھارت کا وزیراعظم بن گیا ہے۔ .
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں عدم استحکام کے لیے بیرونی عناصر سر گرم ہیں، کراچی میں چینی شہریوں کو نشانہ بنانے کے واقعات ہوئے ہیں، پاکستان میں دہشت گردی کے ذمہ دار عناصر کو کٹہرے میں لایا جائے گا، دہشت گرد گروپوں کو بیرونی مالی معاونت اور تربیت روکی جائے
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان اور سندھ کے بعض علاقوں میں اب بھی سیلابی پانی کھڑا ہے، متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے چیلنج میں عالمی برادری کا تعاون بہت ضروری ہے