اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد سزا سے نہیں بچ سکتے، ناحق خون بہانے والوں کو عبرت کی مثال بنائیں گے۔
وزیر اعظم نے بارکھان کے علاقے رکھنی بازار میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گرد سزا سے نہیں بچ سکیں گے، ناحق خون بہانے والوں کو عبرت کی مثال بنائیں گے۔
انہوں نے وزیراعلی اور آئی جی پولیس بلوچستان سے رپورٹ بھی طلب کی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت، لواحقین کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی بلوچستان کے علاقے بارکھان میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔صدر نے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔