اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ مجھے قوم کی خدمت کا موقع دیا۔اپنے ایک بیان میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ میں ان تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا، میں اللہ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے پاکستانی عوام کی خدمت کا موقع دیا۔
انہوں نے کہا کہ میں دعاؤں کا طلبگار ہوں، اللہ مجھے اپنی قومی ذمہ داریاں باوقار طریقے سے ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے معاہدے کے بعد نگراں وزیراعظم کے لیے انوار الحق کاکڑ کا نام صدر کو بھجوایا جس کی انہوں نے منظوری دی تھی
انوار الحق کاکڑ کی بطور نگراں وزیراعظم تعیناتی کے بعد انہیں منسٹر انکلیو سے سخت سیکیورٹی میں پنجاب ہاؤس منتقل کردیا گیا جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ یہاں دو روز قیام کریں گے اور اگست کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
پی ڈی ایم کی اتحادی عوامی نیشنل پارٹی نے نگراں وزیراعظم کی تقرری پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم کی تقرری پر مشاورت میں ہمیں شامل نہیں کیا گیا۔ اس میں ہمارا کردار نہیں ہے
پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی نگراں وزیر اعظم کے معاملے پر اختلافات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ تحفظات کے حوالے سے میڈیا میں چلنے والی خبریں درست نہیں کیونکہ پیپلز پارٹی نے نگراں وزیر اعظم کی تقرری کا اختیار وزیر اعظم شہباز شریف کو دیا تھا۔