اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کی صورت میں آزاد وطن دینے والے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 147 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے۔
محمد علی جناح نے جب 25 دسمبر 1876 کو آنکھ کھولی تو کسے معلوم تھا کہ یہ بچہ ایک عظیم لیڈر بن کر برصغیر کے مسلمانوں کی کشتی کنارے لگانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی ابتدائی تعلیم سندھ مدرسۃ الاسلام سے حاصل کی اور میٹرک کا امتحان بمبئی یونیورسٹی سے پاس کیا اور بعد میں اعلیٰ تعلیم کے لیے لندن چلے گئے۔
1895 میں انہوں نے لندن سے قانون کی ڈگری حاصل کی اور باقاعدہ قانون کی مشق کرنے کے لیے بمبئی واپس آ گئے۔
1896 میں محمد علی جناح نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز کیا اور باضابطہ طور پر انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی لیکن کچھ عرصے بعد انہیں معلوم ہوا کہ کانگریس صرف ہندوؤں کی نمائندہ جماعت ہے۔
1913 میں انہوں نے آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور علیحدہ وطن کے لیے باقاعدہ تحریک کا آغاز کیا۔
آخرکار ان کی جدوجہد رنگ لائی اور 14 اگست 1947 کو برصغیر کے مسلمانوں کا ایک علیحدہ وطن کا خواب پورا ہوا جس کا نام پاکستان رکھا گیا۔