اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 24 اور 25 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں خوارج کی موجودگی سے متعلق انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا۔ آپریشن کے نتیجے میں 13 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے خوارج سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ علاقے میں کسی اور خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں