اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکی ایوان نمائندگان کے ریپبلکن اسپیکر کیون میکارتھی نے صدر جو بائیڈن کے خلاف مواخذے کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر کے مطابق تحقیقات میں جو بائیڈن کے خلاف اختیارات کے مبینہ غلط استعمال، انصاف کی راہ میں رکاوٹ اور بدعنوانی کے الزامات کا جائزہ لیا جائے گا جب کہ اس بات کی بھی تفتیش کی جائے گی کہ آیا صدر بائیڈن نے ان کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے کاروباری معاملات سے فائدہ اٹھایا ہے یا نہیں؟
اسپیکر کیون میکارتھی نے کہا کہ الزامات بدعنوانی کے کلچر کی تصویر کشی کرتے ہیں، اس لیے صدر بائیڈن کی تحقیقات پینل کے ذریعے کی جائے گی۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے اس معاملے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ریپبلکن 9 ماہ سے صدر کے خلاف تحقیقات میں مصروف ہیں، لیکن ابھی تک ٹھوس شواہد پیش نہیں کر سکے۔وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی آئین کے تحت صدر کا مواخذہ اسی صورت میں ممکن ہے جب وہ غداری، رشوت یا دیگر بڑے جرائم میں ملوث ہوں، تاہم یہ ایک طویل عمل ہے۔امریکی ایوان کے اسپیکر کی جانب سے مواخذے کی تحقیقات کا اعلان ایوان میں اس معاملے پر ووٹنگ کا باعث بن سکتا ہے
ایوان نمائندگان میں ووٹنگ کے بعد معاملہ سینیٹ میں جائے گا جہاں یہ یقینی ہے کہ ڈیموکریٹس کی اکثریت کے باعث کارروائی آگے نہیں بڑھے گی۔واضح رہے کہ صدر بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کو غیر ملکی کاروباری مفادات سے متعلق ٹیکس جرائم کے حوالے سے ایف بی آئی کی تحقیقات کا سامنا ہے۔