اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔عدالت نے پی ٹی آئی چیئرمین شبلی فراز، فرخ حبیب اور حسن نیازی سمیت دیگر رہنماؤں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے تمام ملزمان کو 19 جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس پر حملے کے الزام میں اسلام آباد کے تھانہ رمنا 2 اور تھانہ گولڑہ میں درج مقدمے میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔ وکیل نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونا ہے۔ سابق وزیراعظم لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے باعث اسلام آباد نہیں آسکتے۔
جج ابوالحسنات نے ریمارکس دیئے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش ہونا پڑے گا، عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی سمیت تمام ملزمان کو 19 جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 19 جولائی تک ملتوی کردی۔