اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) فوجی تنصیبات پر حملے کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے ، آرمی چیف
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں، اکسانے والوں اور مجرموں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لاہور کا دورہ کیا اور انہیں 9 مئی کے یوم سیاہ کے واقعات پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور مادر وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آرمی چیف نے جناح ہا ئوس اور فوجی تنصیب کا دورہ بھی کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ سانحہ 9 مئی کے ذمہ داروں کے خلاف آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی طاقت اس کے عوام ہیں، فوج اور عوام کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوشش ریاست کے خلاف فعل ہے، ایسا فعل کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ دشمن قوتیں اور ان کے حامی جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، قوم کے تعاون سے دشمن کے ایسے تمام عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔