پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا اور کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال، انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں، غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی اور نئے ضم ہونے والے اضلاع میں سماجی و اقتصادی ترقی کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے انسداد دہشت گردی کے مختلف آپریشنز کے دوران بہادری اور جرات کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی اور افسروں اور جوانوں کی بے مثال کارکردگی کو سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا ہے کہ قوم کو مسلح افواج کی کارکردگی پر فخر ہے، کامیابی پاکستان کا مقدر ہے اور پاک فوج نے مادر وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کا بے لوث اور مقدس فریضہ آخری دم تک سرانجام دیا اور خون کا قطرہ کرتے رہیں گے۔
آرمی چیف نے پہلی بار منعقد ہونے والی نیشنل ورکشاپ خیبرپختونخوا (NWKP-1) کے شرکاء سے بھی خطاب کیا۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے بہادر عوام کی پرعزم حمایت کے باعث صوبے میں استحکام اور سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر پیش رفت حاصل کی ہے۔
پاکستان کی خوشحالی کو خیبرپختونخوا سے جوڑتے ہوئے آرمی چیف نے زور دیا کہ پاکستان کے امن و استحکام کے لیے دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو مربوط اور جامع حکمت عملی کے ذریعے ناکام بنایا جا رہا ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نئے ضم ہونے والے اضلاع میں معاشی ترقی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
جنرل سید عاصم منیر نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ غیر قانونی غیر ملکی پاکستان کی سلامتی اور معیشت کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں۔ قانونی غیر ملکیوں کو طے شدہ اصولوں کے مطابق باوقار طریقے سے ان کے ممالک میں واپس کیا جا رہا ہے۔