اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے لانگ مارچ کے شیڈو ل میں تبدیلی کرتے ہوئے کہا کہ اب لانگ مارچ بدھ کو شروع ہوگا
صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عمران نے پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بڑے رہنمائوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور زرداری کے ساتھ سمجھوتہ کرنا ممکن نہیں۔
اپنے لانگ مارچ کے بارے میں بات کرتے ہوئے عمران نے کہا کہ مارچ صرف ‘اپنی منزل حاصل کرنے’ کے بعد اور انتخابات کی تاریخ ملنے کے بعد ختم ہو گا کیونکہ پوری قوم تیار ہے۔ سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ سرحدوں پر اپنے قومی فرائض سرانجام دینے والے فوجی ان کے بیٹوں کی طرح ہیں۔
آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ مجھے آرمی چیف کی تقرری سے کوئی مسئلہ نہیں کیونکہ پاک فوج ہماری ہے اور فوج کے خلاف جانا ممکن نہیں ہے۔
اس سے قبل پی ٹی آئی کے سربراہ نے صدر عارف علوی کو خط لکھ کر اختیارات کے ناجائز استعمال کے ساتھ ساتھ قوانین اور آئین کی خلاف ورزی روکنے کا کہا ہے۔