اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج مقابلہ آج پھر ہوگا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔ کولمبو میں آج بارش کا امکان ہے۔ بارش کے باعث میچ مکمل نہ ہوا تو کل وہیں سے شروع ہوگا جہاں روکا گیا تھا۔ شائقین بڑے میچ کو دیکھنے کے لیے بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔ .
پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کے لیے پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا، فہیم اشرف کو پلیئنگ الیون میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پاکستانی ٹیم 3 فاسٹ بولرز اور 3 اسپنرز کے ساتھ گراؤنڈ میں اترے گی۔
فہیم اشرف فاسٹ بولنگ کے شعبے میں شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف کو سپورٹ کریں گے جب کہ نائب کپتان شاداب خان، افتخار احمد اور سلمان علی آغا اسپنرز کو جوائن کریں گے۔
ٹاپ آرڈر میں فخر زمان، امام الحق اور کپتان بابر اعظم ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کریں گے، محمد رضوان وکٹ کیپنگ کے فرائض سنبھالیں گے۔
گزشتہ روز قومی ٹیم نے بڑے میچ سے قبل بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی خامیوں کو دور کرنے کے لیے بھرپور پریکٹس کی۔
ادھر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھارت کے خلاف میچ جیتنے کے لیے پرعزم ہیں، بابر اعظم نے کہا کہ ہماری توجہ میچ پر ہے، ہمارے پاس اچھا باؤلنگ اٹیک ہے، میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ون ڈے میچز کے باہمی ریکارڈ پر نظر ڈالی جائے تو قومی ٹیم کا پلڑا بھاری ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان 133 ایک روزہ میچز کھیلے جاچکے ہیں، گرین شرٹس نے 73 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ جبکہ بھارت نے 55 میچ جیتے ہیں
ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج 18ویں مرتبہ آمنے سامنے ہوں گی۔
بھارتی ٹیم ایشیا کپ مقابلوں میں 7 ٹائٹل جیت کر ٹورنامنٹ کی سب سے کامیاب ٹیم ہے جب کہ دوسری جانب پاکستان بھی دو مرتبہ ایشیا کپ کا تاج اپنے نام کر چکا ہے۔
ایشیا کپ ٹورنامنٹس میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 18 بار آمنے سامنے ہوئیں، بھارت 9 میچز میں کامیاب رہا جب کہ پاکستان نے 6 میچز جیتے، 3 میچ بے نتیجہ رہے۔