اردو ورلڈ کینیڈ ا ( ویب نیوز)وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملہ مذہبی انتہا پسندی کا واضح ثبوت ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہا کہ عمران خان سیاسی مخالف ہیں دشمن نہیں۔ پی ٹی آئی چیئرمین پر حملہ انتہائی قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘اسد عمر نے بغیر تحقیقات کے الزام لگایا، معاشرے میں تقسیم کا عمل گہرا ہو گیا ہے، یہ رویہ جمہوریت کے لیے بہت نقصان دہ ہے، پی ٹی آئی کا رویہ کسی بڑے حادثے کا باعث بن سکتا ہے ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک میں عدم برداشت بڑھ رہی ہے اور اس لعنت کو روکنے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "ہمیں مذہبی انتہا پسندی کے مسئلے کا سامنا تھا لیکن اب ہم نے سیاسی انتہا پسندی کے ایک نئے چیلنج کا سامنا کیا ہے۔” ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اپنا رویہ بدلیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کو اپنے حفاظتی انتظامات کا از سر نو جائزہ لینا چاہیے او ر انہیں بہتر بنانے کے لیے مناسب تبدیلیاں کرنی چاہئیں۔
حملہ آور کے لیک ہونے والے ویڈیو بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ویڈیو وائرل کرنا ایک خطرناک عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تشویشناک بات ہے کہ ابھی تک واقعہ کی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاید پی ٹی آئی کی قیادت اپنی مرضی اور خواہش کے مطابق ایف آئی آر درج کرانا چاہتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے لانگ مارچ کو روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی، حکومت نہ عمران خان سے ڈرتی ہے اور نہ ہی لانگ مارچ سے۔