اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) یکم محرم الحرام سے شروع ہونے والے نئے اسلامی سال کے آغاز پر غلاف کعبہ تبدیل کر دیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق غلاف کعبہ کی تبدیلی کا عمل عشاء کی نماز کے بعد شروع کیا گیا جو 3 سے 4 گھنٹے میں مکمل ہوا۔
غلاف کعبہ کو ریشم، سونے اور چاندی کے دھاگے سے سلائی اور کڑھائی سے بنایا جاتا ہے۔ خانہ کعبہ کا نیا غلاف 20 لاکھ سعودی ریال سے زائد کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔غلاف کعبہ کی تبدیلی کے وقت چاروں اطراف حفاظتی بیریئرز لگائے گئے تھے۔ سب سے پہلے کعبہ کے پرانے غلاف کو بڑی احتیاط اور مہارت سے چاروں طرف سے ہٹایا گیا جبکہ غلاف کو اونچا کرنے کے لیے الیکٹرانک لفٹرز کا استعمال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں
غلاف کعبہ ٹرکوں کے ذریعے مسجد الحرام پہنچایا جائیگا ، تیاری مکمل
اس موقع پر موجود سینکڑوں زائرین نے خانہ کعبہ کی روحانی تبدیلی کا مشاہدہ کیا۔غلاف کعبہ کو سونے اور چاندی کی قرآنی آیات سے دلکش انداز میں سجایا گیا ہے۔ غلاف کعبہ عموماً 16 ٹکڑوں پر مشتمل ہوتا ہے جس کی لمبائی 50 فٹ اور چوڑائی 35 سے 40 فٹ کے درمیان ہوتی ہے۔غلاف کعبہ کو ہر سال 9 ذوالحج کو تبدیل کیا جاتا تھا تاہم گزشتہ سال سے اس معمول کو تبدیل کرتے ہوئے یکم محرم کو غلاف کعبہ تبدیل کیا گیا اور اس سال بھی یہ روایت برقرار رہی۔