اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )ملکی تاریخ کی سب سے بڑی چوری سامنے آگئی، پاکستان اسٹیل سے تقریبا 10 ارب روپے مالیت کا میٹریل چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹیل میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی چوری سامنے آئی ہے جس کی تحقیقات کے لیے وفاقی وزارت صنعت و پیداوار نے ایف آئی سے رجوع کرلیا ہے۔ وفاقی وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو خط لکھا گیا ہے جس میں پاکستان اسٹیل کے مختلف شعبوں میں ہونے والی چوریوں میں ملوث عناصر کو منظر عام پر لانے کے لیے شفاف اور فوری تحقیقات کی درخواست کی گئی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اسٹیل کے مختلف محکموں کے علاوہ مین پلانٹ بھی چوروں کی دسترس سے محفوظ نہیں جو کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی ملی بھگت کے بغیر ممکن نہیں۔
پاکستان اسٹیل کی اندرونی تحقیقات میں سینئر مینجمنٹ افسران کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں جو وفاقی وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے ایف آئی اے کو فراہم کیے گئے ہیں۔
پاکستان اسٹیل میں اندرونی انکوائری چل رہی ہے تاہم انتظامیہ کو فریق بننے سے روکنے کے لیے ضروری سمجھا گیا کہ یہ انکوائری وفاقی تحقیقاتی ادارے سے کروائی جائے۔
پاکستان اسٹیل انصاف لیبر یونین (سی بی اے)کی جانب سے 27 جولائی 2022 کو وفاقی وزارت صنعت و پیداوار کو بھیجے گئے خط میں قومی اثاثے کو لٹیروں سے بچانے کے لیے فوری کارروائی اور تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ 27 جولائی کی رات 50 افراد پر مشتمل ڈاکوں کے گروہ نے پاکستان اسٹیل کے پلانٹ ایریا پر دھاوا بولا اور دیدہ دلیری سے اربوں روپے مالیت کا تانبا اور تاریں لوٹ کر فرار ہوگئے۔ محکمہ سیکورٹی میں کنٹریکٹ اور مستقل ملازمین دونوں خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں لہذا ضروری ہے کہ ان چوریوں کی اعلی سطح پر تحقیقات کی جائیں۔