اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )امریکہ میں طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والی پاکستانی خاتون اسرا حسین کی میت اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی ۔
اسرا حسین کی نماز جنازہ آج انڈیانا پولس میں ادا کی جائے گی۔26 سالہ اسرا حسین کا تعلق کارمل، انڈیانا سے تھا اور وہ پاکستانی نژاد امریکی حامد رضا کی اہلیہ تھیں۔ اسرا نے 2020 میں انڈیانا یونیورسٹی بلومنگٹن سے ہیلتھ کیئر مینجمنٹ میں ڈگری کے ساتھ گریجویشن کیا اور بعد میں کولمبیا یونیورسٹی سے اسی شعبے میں ماسٹر ڈگری حاصل کی۔اسرا اور حامد کی ملاقات انڈیانا یونیورسٹی میں ہوئی، جہاں حامد نے 2017 سے 2021 تک کیلی سکول آف بزنس سے فنانس میں ڈگری حاصل کی۔اسرا حسین کام کے سلسلے میں کنساس میں تھیں اور واشنگٹن ایئرپورٹ کے قریب حادثے میں جاں بحق ہوگئیں۔اس حادثے میں ایک مسافر طیارہ اور ایک فوجی ہیلی کاپٹر میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں دونوں طیاروں میں سوار 67 افراد ہلاک ہو گئے۔