اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )نگران وزیراعظم انوارالحق نے اپنے مختصر دور میں ملک کے حقیقی نظریے اور اصولوں کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ ہفتے بین المذاہب ہم آہنگی پر ‘قومی کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ جڑانوالہ میں ہونے والے پرتشدد واقعے کے تناظر میں کیا گیا ہے، جس میں مسیحی برادری کے درجنوں گرجا گھروں اور رہائش گاہوں کو تباہ کردیا گیا تھا۔ .
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق انوارالحق کاکڑ نے آئندہ ہفتے قومی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں دنیا بھر سے مذہبی اسکالرز کو مدعو کیا جائے گا۔
دریں اثناءوزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ نگران حکومت کا بنیادی مینڈیٹ انتخابی عمل کی حمایت اور نگرانی کرنا ہے، اس بنیادی مینڈیٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے نگران حکومت اپنی روزمرہ کی سرگرمیوں کی بہترین نگرانی کرے گی۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم یہاں محدود مدت کے لیے آئینی تسلسل برقرار رکھنے کے لیے آئے ہیں، ہم یہاں حکومتی ماڈل یا ڈھانچہ ٹھیک کرنے کے لیے نہیں ہیں۔