اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ غیر اخلاقی اور بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں شرکا کو موجودہ اور ابھرتے ہوئے خطرات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز نے پشاور پولیس لائنز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ پولیس لائنز دھماکے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آرمی چیف نے کورکماندرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر اخلاقی اور بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں، بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے عزم کو مضبوط کرتی ہیں ،کسی بھی دہشت گرد تنظیم کے لیے زیرو ٹالرنس کے ساتھ عزم کو مضبوط کرتا ہے۔
آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں پر توجہ جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن کے حصول تک دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں دہشت گردوں کے گٹھ جوڑ کو توڑنے کے لیے آپریشنز اور ان کے معاون طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔