اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف بہت ٹف ٹائم دے رہا ہے، اس کی شرائط ناقابل تصور ہیں، لیکن ہمیں انہیں پورا کرنا ہوگا۔
پشاور میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش معاشی چیلنج بہت مشکل ہے لیکن کیا کریں، یہ شرائط ہر صورت میں پوری ہونی چاہئیں۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ بہت مشکل وقت دے رہا ہے اور اس کی شرائط ناقابل تصور ہیں۔
وزیراعظم نے پی ٹی آئی چیئرمین کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک جماعت کے رہنما دہشت گردوں کو جگہ دینے کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں لیکن مجھ سے ہاتھ ملانے کو تیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کے پی میں ایک انچ پر بھی قبضہ نہیں کرتے، وہ دندناتے پھر رہے ہیں۔ انہیں یہاں کون لایا؟ وہ کیسے آئے؟ انہیں عجلت میں یہاں کا حصہ بنایا گیا، قوم جواب چاہتی ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پاکستان میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط تسلیم کرتے ہوئے بجلی مزید مہنگی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ آئی ایم ایف نے 300 یونٹس تک سبسڈی کی تجویز ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ غریب صارفین کو صرف 100 یونٹس تک فراہم کی جائے۔