اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کئی ہفتوں سے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ اسٹاف لیول کے معاہدے پر دستخط کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو توقع ہے کہ معاہدے کو اگلے ہفتے حتمی شکل دے دی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق حکومت اس بات پر بضد ہے کہ معاہدہ جلد طے پانے کے قریب ہے، وزارت خزانہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کل (پیر) سے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا آخری مرحلہ شروع کریں گے۔
اس ہفتے کے شروع میں اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ حکومت چند دنوں میں آئی ایم ایف کے ساتھ عملے کی سطح کے معاہدے پر دستخط کرے گی۔
پاکستان نے معاہدے کی شرائط پر بات چیت کے لیے فروری کے اوائل میں آئی ایم ایف مشن کی میزبانی کی، جس میں سالانہ بجٹ سے قبل مالیاتی خسارے کو کم کرنے کے لیے پالیسی اقدامات اپنانا شامل ہے۔ ڈار مسلسل کہہ رہے ہیں کہ معاہدے پر جلد دستخط ہو جائیں گے، 2 روز قبل (جمعرات کو) انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان اسٹاف لیول کے معاہدے پر دستخط کرنے کے بہت قریب ہے۔
دریں اثنا، وزارت خزانہ، وزارت پاور اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی طرف سے اٹھائے گئے تمام ابتدائی اقدامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں اور آئی ایم ایف حکام کے ساتھ شیئر کیے گئے ہیں۔
عہدیدار نے بتایا کہ اسحاق ڈار اب پاکستان میں آئی ایم ایف مشن کے سربراہ ناتھن پورٹر کی سربراہی میں آئی ایم ایف کی ٹیم سے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے ورچوئل بات چیت کریں گے۔