اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے مقامی اور علاقائی انتخابات میں اپنی پارٹی کی شکست کے بعد پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بادشاہ فلپ سے قبل از وقت انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسپین کے وزیراعظم نے قوم سے ٹیلی ویژن خطاب میں کہا کہ ملک کے بادشاہ فلپ ششم کو پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے کنگ فلپ سے کہا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے اور 23 جولائی کو نئے انتخابات کرانے کے اپنے فیصلے کی توثیق کریں۔اسپین کے وزیراعظم نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کا فیصلہ گزشتہ روز ہونے والے انتخابات میں ان کی جماعت کی شکست کے بعد کیا گیا۔
واضح رہے کہ بلدیاتی انتخابات کے بعد قدامت پسند پیپلز پارٹی اور انتہائی دائیں بازو کی جماعت ووکس نے صوبائی انتخابات میں بھی حکمران جماعت کو شکست دی ہے۔اس سے قبل اسپین کے وزیراعظم نے اس سال دسمبر میں انتخابات کرانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس دوران وہ اپنی ٹیم کو مکمل کرلیں گے تاہم بلدیاتی انتخابات نے انہیں اپنی حکمت عملی تبدیل کرنے پر مجبور کردیا۔