اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان کے صوبہ پنجاب میں فوجداری قوانین کو تبدیل کرنے کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق جرائم کی روک تھام، قانون کے موثر نفاذ اور امن عامہ کی بحالی کے حوالے سے قانونی اصلاحات لائی جائیں گی ۔ قانونی اصلاحات کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس کے سربراہ ڈی آئی جی کامران عادل ہوں گے جب کہ کمیٹی قوانین کو جدید اور موثر بنانے کے لیے 3 ماہ میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ ترجمان نے کہا کہ کمیٹی ضابطہ فوجداری 1898، پاکستان پینل کوڈ 1860، قانون شہادت آرڈر 1984 میں ترامیم کا مسودہ تیار کرے گی جبکہ کمیٹی قومی سلامتی کے قانون کا مسودہ بھی تیار کرے گی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق جرائم کی روک تھام، قانون کے موثر نفاذ اور امن عامہ کی بحالی سے متعلق قانونی اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی جب کہ پنجاب کے قوانین میں خاص طور پر خواتین اور بچوں کے تحفظ کے حوالے سے ترامیم کی تجویز دی جائے گی۔اصلاحاتی کمیٹی انسداد دہشت گردی، سائبر کرائم، سائبر سیکیورٹی اور بین الصوبائی رابطہ سے متعلق قوانین میں ترامیم تجویز کرے گی۔ کمیٹی جدید سائنسی تکنیکوں، قوانین اور سماجی تقاضوں سے ہم آہنگ ترامیم تجویز کرے گی۔