اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے مستعفی ارکان قومی اسمبلی کی بحالی کا فیصلہ معطل کر دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین کی انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کی۔ اپیل میں فواد چوہدری، شاہ محمود قریشی، حماد اظہر سمیت 61 مستعفی ارکان قومی اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے۔ قومی اسمبلی، الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے 123 ارکان قومی اسمبلی نے تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد استعفی دے دیا۔ 28 مئی کو سپیکر قومی اسمبلی نے 11 ارکان کے مستعفی منظور کر لیے تھے۔ پی ٹی آئی کے باقی ارکان کے استعفے منظور کر لیے۔
سیکرٹری قومی اسمبلی کی جانب سے مزید کہا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے 19 مئی کو ارکان کی بحالی کا فیصلہ قانون کے برعکس دیا۔۔
درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت انٹرا کورٹ اپیل منظور کرتے ہوئے سنگل بنچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔
بعد ازاں عدالت نے تحریک انصاف کے مستعفی ارکان قومی اسمبلی کو بحال کرنے کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فریقین سے 21 جون تک جواب طلب کرلیا۔