اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اقدام قتل کی دفعہ کے تحت تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمے کی سماعت ضلع کچہری سے جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کی درخواست دائر کر دی
۔اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر درخواست دائر کی۔
درخواست میں کہا گیا کہ ایجنسیوں کی رپورٹ کے مطابق کچہری میں سیکیورٹی الرٹ جاری ہے، ماضی میں بھی دہشت گردی کے واقعات ہوتے رہے ہیں، عمران خان کے ساتھ ساتھ ضلعی کچہری میں عام شہری بھی خطرے میں ہیں۔وکیل بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان کل اسلام آباد کی عدالتوں میں پیش ہوں گے، دو کیس جوڈیشل کمپلیکس اور ایک ڈسٹرکٹ کورٹ میں ہے۔ ضلعی عدالت میں وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد سے حفاظتی ضمانت لے لیں۔فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ میرے پاس عدالت منتقل کرنے کا اختیار نہیں۔بابر اعوان نے استدعا کی کہ تھانہ سیکرٹریٹ اور توشہ خانہ مقدمات کی سماعت جوڈیشل کمپلیکس میں کی جائے، تھانہ سیکرٹریٹ میں آج ضمانت میں توسیع کا فیصلہ بھی کل تک موخر کر دیا گیا۔جج نے سوال کیا کہ کیا عمران خان نے کل میری عدالت میں آنا ہے؟ اس پر وکیل بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان کو آپ کی عدالت میں آنا ہے، عمران خان تھانہ سیکرٹریٹ کے کیس میں پیش ہونا چاہتے ہیں۔دوران سماعت جج نے عمران خان کی درخواست درست کرنے کی ہدایت کردی، جج نے ریمارکس دیئے کہ عمران خان نے درخواست میں لکھا ہے کہ وہ لاہور جارہے ہیں۔مدعی کے وکیل نے کہا کہ عمران خان کل آ رہے ہیں تو آج بھی آ سکتے تھے۔عدالت کے استفسار پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ یو ایس بی نادرا کو بھجوا دی ہے، کچھ سامنے نہیں آیا، ویڈیو کلپس میں عمران خان نہیں، وہ موقع پر موجود نہیں ہیں۔ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 109 کی حد تک تفتیش چاہتا ہوں، 10 بجے تک لے آئیں، عمران خان کی درخواستوں پر بھی 10 بجے فیصلہ کروں گا۔