اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے مطالبہ کیا کہ توشہ خانہ سے فوجی جرنیلوں اور ججوں کو دیئے گئے تحائف کی تفصیلات سامنے لائی جائیں۔
فواد چوہدری کی جانب سے یہ مطالبہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب وفاقی حکومت نے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر توشہ خانہ کا 2002 سے 2023 تک کا 466 صفحات پر مشتمل ریکارڈ کو سرکاری ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا تھا
توشہ خانہ پالیسی 2023 نافذ ، مہنگے تحائف خریدنے پر پابندی
پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں فواد چوہدری نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ جوڈیشل کمیشن کی جانب سے ملنے والے تحائف کو ریٹرن میں ظاہر کیا جائے اور ان پر ٹیکس کی ادائیگی کی تحقیقات کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کی فہرست ہمارے سامنے ہے، ہم دیکھ سکتے ہیں کہ نواز شریف خاندان اور زرداری خاندان نے توشہ خانہ کیسے لوٹا، یہ ریکارڈ پی ٹی آئی کے سیاسی حریفوں کی کرپشن کا ’’ایک اور ثبوت‘‘ ہے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ وہ عمران خان اور (ان کی اہلیہ) بشریٰ بی بی پر اربوں روپے کے اشتہارات سے حملہ کر رہے تھے (اب پتہ چلا) وہ خود قصوروار فریق تھے۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں میں اگر کوئی ہے جس نے تحائف لینے کے لیے قانونی راستہ اختیار کیا تو وہ عمران خان ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی سربراہ اور ان کی اہلیہ کو توشہ خانہ سے سب سے کم تحائف ملے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ‘توشہ خانہ کا اصل غلط استعمال یہ تھا کہ نواز شریف اور زرداری نے وہاں سے گاڑیاں کیسے نکالیں، لگژری گاڑیوں کی قیمت ان کی اصل قیمت کے مقابلے میں صرف چند سکے تھی جو کہ قواعد کی خلاف ورزی تھی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ یہ فہرست ابھی نامکمل ہے، فہرست 2002 سے شروع ہوتی ہے اور ہمیں کم از کم 1988 کے بعد کی فہرست کو دیکھنا چاہیے۔