سعودی میڈیا کے مطابق رمضان المبارک میں عمرہ کرنے کے خواہشمند افراد کی تعداد میں غیر معمولی اضافے کے باعث ان مقدس ایام میں دوسری بار عمرہ کرنے کے اجازت نامے جاری نہیں کیے جائیں گے۔اس نئی عمرہ پالیسی کے تحت عمرہ رجسٹریشن کے لیے درخواست میں ایک ہی شخص کی جانب سے دوسری مرتبہ عمرہ کرنے کی اجازت کی درخواست مسترد کردی جائے گی۔اس کے علاوہ سعودی حکومت نے عمرہ ویزے کی مدت 30 دن سے بڑھا کر 90 دن کر دی۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس مقدس مہینے میں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سے مقدس مساجد میں غیر ضروری ہجوم نہیں ہوگا اور نمازی آسانی کے ساتھ عبادت کر سکیں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 52 لاکھ 25 ہزار 231 زائرین مسجد نبوی میں آئے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔