اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)عام انتخابات کے انعقاد اور دیگر امور کا جائزہ لینے کے لیے الیکشن کمیشن کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس آج دوپہر 2 بجے شیڈول ہے، اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے 9 اگست کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ہفتہ کو وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے اجلاس میں نئی مردم شماری کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔
الیکشن کمیشن کو انتخابات کے بروقت انعقاد کے ساتھ نئی حلقہ بندیوں کا چیلنج بھی درپیش ہے۔
ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کے نتائج منظور ہونے کی صورت میں انتخابات میں تاخیر کا امکان ہے۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا کہ اگر سی سی آئی نے مردم شماری کی منظوری دی تو انتخابات 2024 تک ہوں گے، اگر گزیٹڈ نوٹیفکیشن جاری ہوتا ہے تو الیکشن کمیشن آف پاکستان قانونی طور پر مردم شماری کی دوبارہ حد بندی کرنے کا پابند ہے۔