154
اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں کی مدت میں کمی کردی، الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں کا عمل 30 نومبر تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت آج ایک اہم اجلاس ہوا جس میں سیاسی جماعتوں کی رائے اور مشاورت کا جائزہ لیا گیا، جس میں عام انتخابات کے شیڈول اور حلقہ بندیوں سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔
اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں سے مشاورت اور رائے کے بعد حلقہ بندیوں کے دورانیے میں کمی کی ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اب حلقہ بندیوں کی اشاعت 30 نومبر کو ہوگی اور حلقہ بندیوں کا دورانیہ کم کرنے کا مقصد قبل از وقت انتخابات کو ممکن بنانا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کی شفافیت کو یقینی بنائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کی مدت 14 دسمبر مقرر کی تھی۔