اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر ‘الیکشن ایکٹ 2017’ کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے خط میں کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کا اعلان کرے تاکہ صوبائی اسمبلی اور آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے خطرناک قیاس آرائیوں پر مبنی پروپیگنڈے کا خاتمہ ہو سکے۔
چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں صدر مملکت نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آئین کے مطابق اسمبلی انتخابات تحلیل ہونے کے 90 دن کے اندر ہونا ضروری ہیں
انہوں نے مزید کہا کہ آئین کے مطابق انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کا بنیادی اور لازمی فریضہ ہے، آئین کا آرٹیکل 218 (3) شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ای سی پی کو ذمہ داری تفویض کرتا ہے۔
اپنے خط میں انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا تو الیکشن کمیشن خود آئین کی خلاف ورزی کا ذمہ دار اور جوابدہ ہوگا۔
صدر مملکت عارف علوی نے اپنے خط میں کہا کہ سربراہ مملکت کی حیثیت سے میں نے آئین کے تحفظ اور دفاع کا حلف اٹھایا ہے۔
خط میں صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کو آئین کے تحت ان کے حلف کے مطابق ان کی بنیادی ذمہ داری بھی یاد دلائی۔
انہوں نے لکھا کہ آئین اور الیکشن ایکٹ 2017 کی خلاف ورزی کے سنگین نتائج سے بچنے کے لیے دونوں تحلیل شدہ اسمبلیوں کے انتخابی شیڈول کا فوری اعلان کیا جائے۔
خط میں ریاست کے صدر نے آئین کے مقاصد کے تمہید/قرارداد کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ تمہید میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ریاست اپنی طاقت اور اختیار کا استعمال عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے کرے گی۔