پاکستان تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صدارت میں ضابطہ اخلاق کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں بالخصوص پی ٹی آئی کے لیے برابری کا معاملہ اٹھایا۔
اجلاس میں جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر وردی پوش افراد کو داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔
اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کے مسودے پر سیاسی جماعتوں سے رائے لی ہے، اس حوالے سے سیاسی جماعتوں نے اپنی تجاویز بھی الیکشن کمیشن کو جمع کرادی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو ضابطہ اخلاق کے مسودے میں مناسب ترامیم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کرائے گا اور آئندہ عام انتخابات کے دوران غیر جانبدارانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنائے گا۔
133