اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک میں انتخابات سے متعلق فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔
اجلاس میں مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو، میاں افتخار، خالد مقبول صدیقی، آفتاب شیرپا، خالد مگسی، آغا حسن بلوچ، چوہدری سالک حسین، طارق بشیرچیمہ، ساجد میر، حافظ عبدالکریم، مریم اورنگزیب، اعظم نذیر تارڑ نے شرکت کی۔ وزیراعظم ہا ئوس میں.رانا ثنا اللہ، قمر زمان کائرہ، ایاز صادق اور اسحاق ڈار سمیت دیگر رہنما ئوں نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابات اکٹھے کرائے جائیں یا الگ الگ اور کب کرائے جائیں اس کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔
اتحادی جماعتوں نے فیصلہ کیا کہ تحریک انصاف سے مذاکرات کی کوشش کریں گے تاہم کسی کی ضد، انا اور خواہشات کے مطابق فیصلے نہیں کیے جاسکتے جب کہ تحریک انصاف سے مذاکرات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا فورم استعمال کیا جائے گا۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں الیکشن کے لیے فنڈز کے اجرا کے حوالے سے پارلیمنٹ نے اپنا فیصلہ دیا ہے اور پارلیمنٹ کا فیصلہ سب سے اہم ہے، سب کو اس کا احترام کرنا چاہیے۔