اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)ملک میں توانائی کا بحران شدت اختیار کرگیا، سندھ اور بلوچستان میں صنعتوں کو ساڑھے تین ماہ سے گیس کی فراہمی معطل رہی جب کہ گیس پریشر کم ہونے سے گھریلو صارفین کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
حیدرآباد سمیت سندھ کے کئی شہروں میں شہری گیس سے محروم ہوگئے، کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر کم ہونے سے شہری بھی پریشانی کا شکار ہوگئے۔
دوسری جانب وادی کوئٹہ میں بھی سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی سوئی گیس کا پریشر کم ہوگیا جس سے شہری پریشان ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس پریشر میں کمی کے باعث وہ تین وقت کا کھانا بھی ہوٹلوں سے منگوانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
گیس بحران سے تنگ آکر کراچی کے برآمد کنندگان نے لکڑی سے کارخانے چلانا شروع کردیئے۔
دوسری جانب راولپنڈی، ملتان، لودھراں، وہاڑی اور خانیوال سمیت پنجاب بھر میں بھی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب گیس کی بندش کے بعد کراچی کے بڑے ایکسپورٹرز اپنے کارخانے چلانے کے لیے لکڑی جلانے پر مجبور ہیں۔