اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) غزہ کے شہر خان یونس میں اسرائیل کے دل دہلا دینے والے فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے 9 بچے شہید ہوگئے۔
غزہ کے شہری دفاع کے ادارے کے ترجمان محمود باسل نے بتایا کہ بچوں کا تعلق ڈاکٹر حمدی النجر اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر علاء النجر سے ہے۔ دونوں ڈاکٹر غزہ میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ترجمان کے مطابق حملے کے وقت والد حمدی النجار اپنی اہلیہ کو ناصر ہسپتال میں ڈیوٹی پر چھوڑ کر گئے تھے اور گھر واپس آتے ہی میزائل کا نشانہ بنے۔ ان کے ایک اور بیٹے، 10 سالہ آدم اور اس کے والد کی حالت تشویشناک ہے۔ واقعے کی ویڈیو میں شدید طور پر جلے ہوئے بچوں کی لاشیں ملبے سے نکالی جا رہی ہیں۔ بچوں کی نماز جنازہ ناصر اسپتال میں ادا کی گئی۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ حملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور اس کا ہدف ایک عمارت تھی جہاں مشتبہ افراد تھے۔ اس نے خان یونس کو ایک "خطرناک جنگی علاقہ” قرار دیا اور کہا کہ شہری ہلاکتوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حماس کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل منیر البورش نے سوشل میڈیا پر کہا کہ حملہ اس وقت ہوا جب حمدی النجار اپنی بیوی کو ہسپتال میں چھوڑ کر گھر واپس جا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں صرف ڈاکٹر ہی نہیں، پورے خاندان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
106