وفاقی کابینہ کا اجلاس،اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی کرنے کی منظوری

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا ایک مختصر مگر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں قانون سازی، بلدیاتی انتخابات، نجکاری اور معاشی صورتحال سمیت متعدد امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے آغاز میں کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 3 دسمبر اور 30 دسمبر کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی باضابطہ توثیق کی گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق نئی قانون سازی پر تفصیلی غور ہوا۔ اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد نے وفاقی کابینہ کو بلدیاتی نظام اور مجوزہ انتخابی طریقہ کار کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ کے بعد کابینہ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کو ایک بار پھر ملتوی کرنے کی منظوری دے دی۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے لیے 15 فروری کی تاریخ مقرر کر رکھی تھی، جبکہ 16 سے 19 فروری کے دوران نتائج مرتب کیے جانے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں پنجاب طرز کے بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے قانون سازی کی بھی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد مقامی حکومتوں کے ڈھانچے میں نمایاں تبدیلیاں متوقع ہیں۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے نئے سال کی آمد پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے قومی ایئرلائن پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز کی نجکاری کو ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بڈنگ کا پورا عمل شفاف انداز میں مکمل کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی خسارے میں چلنے والے ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کا عزم کیا تھا اور پی آئی اے کی نجکاری اس سمت ایک اہم سنگ میل ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملکی جی ڈی پی میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، جو معیشت کے استحکام کی جانب مثبت اشارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال کر معاشی استحکام کی راہ پر ڈالا ہے۔

وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے حالیہ ملاقاتوں کو دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے مفید قرار دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے حالیہ ٹیلیفونک گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق ہوا ہے۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 26 اگست 2025 کے فیصلوں کی بھی توثیق کی، جن میں آف گرڈ کیپٹو پاور پلانٹس لیوی کے حوالے سے بجلی صارفین کو ریلیف دینے کی حکمت عملی شامل ہے۔ مزید برآں، پٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر آف دی گرڈ کیپٹو پاور پلانٹس کو گیس کی فروخت سے متعلق لیوی ایکٹ 2025 میں ترمیم کے لیے صدارتی آرڈیننس کے اجرا کی منظوری بھی دی گئی۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں