اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)عالمی شہرت یافتہ مصنفہ فاطمہ بھٹو نے کہا ہے کہ شاہ رخ خان کی نئی فلم ‘پٹھان بھارتی انتہا پسند جماعت بی جے پی کے کشمیریوں پر مظالم پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے۔
برطانوی اخبار گارجین کے ایک حالیہ کالم میں فاطمہ بھٹو نے فلموں کے ذریعے مودی سرکار کے پاکستان کے بارے میں جنون کا تجزیہ کیا ہے۔
فاطمہ بھٹو نے لکھا کہ ‘پٹھان کی سازش بکواس ہے، لوگ بھارت اور دنیا کو بچانے کے لیے نیم برہنہ رقص کرتے ہیں اور اس کی کہانی کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ مودی سرکار کی طرف سے کشمیریوں کو ان کے حقوق سے محروم کرنے کے واقعہ کو ہنسی کا نشانہ بنانا بہت بڑا المیہ ہے۔
فاطمہ بھٹو نے شاہ رخ خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے سب سے بڑے مسلمان سپر اسٹار ہونے کے باوجود انہوں نے مودی سرکار کے مظالم پر ایک لفظ بھی نہیں بولا۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ نے ہزاروں مسلمانوں کے قاتل مودی کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دی اور ان کی کامیابیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔