اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )ملک میں ایک ہی روز انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان مذاکرات کا تیسرا اور آخری دور آج ہوگا۔
یاد رہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کی باہمی رضامندی کے بعد ارکان کی مصروفیات کے باعث گزشتہ روز مذاکرات کا وقت تبدیل کیا گیا تھا۔
مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس آج صبح 11 بجے ہونا تھا تاہم وقت کی تبدیلی کے بعد اب یہ آج رات 9 بجے ہوگا اور مذاکرات سینیٹ سیکریٹریٹ میں ہوں گے۔
مذاکرات صرف اہتمام حجت، عمران جلسے شروع کریں تاکہ ہماری مذاکرات سے جان چھوٹ جائے ، خواجہ آصف
پی ٹی آئی اور حکمران اتحاد کے وفود آج قیادت سے مشاورت کے بعد ایک دوسرے کو اپنی تجاویز پیش کریں گے اور حتمی مذاکرات کے ذریعے کسی نتیجے پر پہنچیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) بجٹ پیش ہونے تک حکومت برقرار رکھنا چاہتی ہے جب کہ تحریک انصاف 14 مئی تک حکومت ختم کرنا چاہتی ہے اور اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بھی کہا ہے کہ 14 مئی تک قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد وہ ایک ساتھ انتخابات کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے مذاکراتی وفد کے رکن فواد چوہدری نے کہا ہےکہ 70 فیصد مذاکرات کامیاب ہو چکے ہیں، ہم بجٹ سے پہلے الیکشن چاہتے ہیں اور حکومت بعد میں الیکشن چاہتی ہے پارٹی صدر پرویز الٰہی کے گھر پر حملے کے بعد ہم پر مذاکرات ختم کرنے کا بہت دباؤ تھا تاہم عمران خان نے کہا کہ مذاکرات جاری رکھیں۔
فواد چوہدری نے مزید کہا ہے کہ حکومتی لوگ ہمیں کہتے تھے کہ تحریک انصاف مذاکرات نہیں کرتی، ہم نے انہیں غلط ثابت کر دیا، ہماری مذاکراتی کمیٹی معاملے کو حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، خواجہ آصف، احسن اقبال مذاکرات کریں تخریب کاری کرنے والوں کو مریم نواز کی حمایت ملے گی۔