اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )چیئرمین تحریک انصاف کے کنٹینر پر فائرنگ کی ایف آئی آر درج ایف آئی آر سب انسپکٹر عامر شہزاد کے خلاف درج کر لی گئی ہے اور مقدمہ کا مدعی تھانہ سٹی وزیر آباد کا سب انسپکٹر عامر شہزاد ہے۔
مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات 302، 224، 440 شامل ہیں اور ایف آئی آر نمبر 691/22 ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق فائرنگ کنٹینر کے بائیں جانب سے کی گئی، فائرنگ کرنے والے ملزم نوید ولد بشیر کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان دیگر رہنماؤں کے ہمراہ وزیرآباد سے کنٹینر پر اللہ والا چوک سے آرہے تھے کہ شام 4 بجے کے قریب ملزم نوید نے کنٹینر کے بائیں جانب سے پستول سے فائرنگ کردی۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کنٹینر پر گر کر زخمی ہوگئے۔
ایف آئی آر میں محمد احمد چٹھہ، حمزہ الطاف سمیت 11 معلوم اور کچھ نامعلوم زخمیوں کا ذکر ہے۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ ریلی میں شامل ایک کارکن حسن ابتسام نے شوٹر کا سر پکڑنے کی کوشش کی جس کے باعث شوٹر مزید فائر نہ کرسکا، عمران خان طبی امداد کے بعد لاہور روانہ ہوگئے۔
اس سے پہلے کہا گیا تھا کہ ایف آئی آر آج سپریم کورٹ میں پیش کی جائے گی۔