اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا پہلا مقدمہ درج کر لیا گیا ۔
جمعہ کو ڈنمارک نے قرآن پاک کی بے حرمتی کو غیر قانونی قرار دینے والے نئے قانون کے تحت دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ان افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم ان پر جون میں ایک تہوار کے دوران قرآن پاک کی بے حرمتی کا الزام ہے۔
یاد رہے کہ 2023 میں ڈنمارک اور سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے متعدد واقعات پیش آئے تھے جس کے بعد مسلم ممالک نے ایسے گھناؤنے اقدامات پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے نے مسلم دنیا میں غم و غصے کو جنم دیا جس کے بعد 7 دسمبر 2023 کو ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ایک بل منظور کیا گیا جو چند روز بعد نافذ العمل ہو گیا۔خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ یا 2 سال تک قید ہو سکتی ہے۔