اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)پنجاب حکومت نے ٹرانسپورٹ وژن 2030 کے تحت صوبے کی پہلی الیکٹرک ٹیکسی سکیم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں گیارہ سو الیکٹرک ٹیکسیاں شہریوں کو فراہم کی جائیں گی۔ دلچسپی رکھنے والے افراد اپنی درخواستیں ای-ٹیکسی پنجاب کی سرکاری ویب سائٹ پر پانچ اکتوبر 2025 تک جمع کرا سکتے ہیں۔
حکومتی نمائندوں کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ نہ صرف فضائی آلودگی کم کرے گا بلکہ شہریوں کے ایندھن کے اخراجات میں کمی لائے گا اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرے گا۔ اس اقدام سے بڑے شہروں میں ٹرانسپورٹ کا نظام جدید اور بہتر ہوگا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
پلان کے مطابق خریداروں کو سبسڈی پر ڈاؤن پیمنٹ کی سہولت دی جائے گی، سود کی ادائیگی حکومت کی جانب سے کی جائے گی اور چالیس لاکھ سے ایک کروڑ روپے مالیت کی گاڑیوں پر حکومت خریدار کے لیے پانچ لاکھ پچاسی ہزار روپے ڈاؤن پیمنٹ میں ادا کرے گی جبکہ باقی رقم شراکت دار بینک فنانس کریں گے۔
یاد رہے کہ حکومت پہلے ہی الیکٹرک گاڑیوں کے لیے فنانسنگ اسکیم کی منظوری دے چکی ہےجس کے تحت شراکت دار بینک چھ لاکھ پینسٹھ ہزار روپے تک قرض فراہم کریں گے۔