غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی فلکیاتی مرکز کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ عرب ممالک میں رمضان المبارک کا چاند 10 مارچ بروز اتوار نظر آنے کا امکان ہے، شعبان کا مہینہ 11 فروری بروز اتوا ر کو شروع ہوا تھا اور 10 مارچ کو 29 شعبان ہو گا۔انہوں نے کہا کہ 10 مارچ کو چاند سورج کے بالکل قریب ہوگا جس کی وجہ سے بعض عرب ممالک اتوار کو چاند دیکھ سکیں گے اور 11 مارچ بروز سوموار کو یکم رمضان المبارک شروع ہوسکتا ہے۔ تمام اسلامی ممالک میں 11 مارچ چاند آسانی سے نظر آئے گا۔
سعودی معاون وزیر صحت ڈاکٹر محمد العبد العلی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران ملک کے اندر اور باہر سے بڑی تعداد میں عمرہ زائرین آتے ہیں، ماہ مقدس میں ایک جامع پروگرام ترتیب دیا گیا ہے، جس کے تحت اضافی کارکنان وزارت کے اہلکاروں کو مقدس شہروں میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ رمضان اور حج کے سیزن میں وزارت صحت عمرہ زائرین اور عازمین حج کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہوائی اڈوں اور سرحدی چوکیوں پر اضافی نفری تعینات کرتی ہے۔