اردوٍ ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور ان کے امریکی ہم منصب انٹونی بلینکن نے فروری 2022 میں یوکرین پر روسی حملے کے بعد پہلی بار ملاقات کی۔
روس اور امریکہ کے وزرائے خارجہ نے بھارتی دارالحکومت دہلی میں جی 20 سربراہی اجلاس کے موقع پر 10 منٹ تک بات چیت کی۔
اپنی بریفنگ کے دوران انٹونی بلینکن نے کہا کہ ملاقات کے دوران میں نے روسی وزیر خارجہ سے کہا کہ ہم نے اور بہت سے دوسرے لوگوں نے گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کے اجلاس کے دوران کیا کہا یا جی 20 سربراہی اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ نے ان سے کیا کہا۔
وہ یوکرین میں جاری جنگ کو ختم کرنے کا کہہ رہے ہیں کیونکہ پائیدار امن بامقصد سفارت کاری سے ہی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران انہوں نے روسی وزیر خارجہ پر زور دیا کہ وہ نیو سٹارٹ ٹریٹی کو بحال کریں کیونکہ معاہدے کو منسوخ کرنا ایک غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔
روس کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کی تصدیق کی لیکن ملاقات کی تفصیلات بتانے سے انکار کیا۔ دوسری جانب بھارت میں جاری جی 20 سربراہی اجلاس کے دوران امریکی وزیر خارجہ نے یوکرین کے معاملے پر حمایت حاصل کرنے کے لیے مختلف سفارت کاروں سے بھی ملاقات کی۔
اس سے قبل روسی وزیر خارجہ نے مغربی ممالک پر الزام لگایا تھا کہ وہ روس کی مذمت کے لیے غیر جانبدار ممالک پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغرب کی طرف سے ہر معاملے میں سب کو گھسیٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔یاد رہے کہ دونوں رہنماؤں کی آخری ملاقات جنوری میں ہوئی تھی۔