اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 3 روزہ دورے پر آزاد کشمیر میں ہیں۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو آج آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے، مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے منگل کو جلسہ عام بھی ہوگا۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس 2 بجے ہوگا، آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری بھی اجلاس سے خطاب کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر متنازعہ علاقہ ہے، مقبوضہ علاقے میں جی 20 اجلاس عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، کانفرنس کر کے کشمیر کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارتی کارروائی سے اس کی اصل شکل سامنے آئے گی۔
دوسری جانب مظفرآباد میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مہاجرین کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔
وفد نے کشمیر لبریشن موومنٹ کے حوالے سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے کردار کو سراہا اور 1990 میں مقبوضہ کشمیر سے آزاد کشمیر ہجرت کرنے والے مہاجرین پر بھارتی افواج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم سے بھی آگاہ کیا۔