اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وفاقی حکومت نے پنجاب میں انتخابات کرانے کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی نظرثانی درخواست میں اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا۔
وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ سے پنجاب میں 14 مئی کے انتخابات کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی ہے۔
اپنے ردعمل میں وفاقی حکومت نے کہا ہے کہ آزادانہ اور شفاف انتخابات کرانے کی آئینی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے۔
وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ پنجاب سب سے زیادہ نشستوں والا صوبہ ہے، پنجاب میں جیت اس بات کا تعین کرتی ہے کہ مرکز میں کون حکومت کرے گا، پنجاب میں الیکشن اسی وقت ہونے چاہئیں جس وقت قومی اسمبلی کے ہوں،
پنجاب کی نگران حکومت نے قبل ازوقت الیکشن کی مخالفت کردی، جواب سپریم کورٹ میں جمع
دوسری جانب نگران پنجاب حکومت نے بھی صوبے میں فوری انتخابات کی مخالفت کرتے ہوئے اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا۔
اس سے قبل سپریم کورٹ نے 12 اپریل کو الیکشن کمیشن کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی پر اٹارنی جنرل، گورنر اسٹیٹ بینک، سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کیے تھے۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے گزشتہ ماہ 4 اپریل کو پنجاب اسمبلی کے انتخابات 14 مئی کو کرانے کا حکم جاری کیا تھا۔