اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیراعظم نے وزارت خزانہ کو این ڈی ایم اے کو فوری طور پر پانچ ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی حکومت نے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ان کے مسائل کے حل کے لیے ایمرجنسی نافذ کر دی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق اس مقصد کے لیے وزیراعظم نے وزارت خزانہ کو این ڈی ایم اے کو فوری طور پر پانچ ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم نے بچاؤ اور امدادی کاموں کو مؤثر طریقے سے انجام دینے کے لیے این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی۔
کمیٹی میں وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیر مواصلات مولانا اسد محمود، وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع، وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی، وزیر اعظم کے مشیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ شامل ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کمیٹی اپنا اجلاس منعقد کرے اور وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کرے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ صوبائی حکومتیں مستند معلومات پر مبنی رپورٹس وفاقی حکومت کو بھجوائیں تاکہ سیلاب اور بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جلد از جلد اندازہ لگایا جا سکے۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ ملک میں ترقیاتی کاموں کو موسمیاتی تبدیلیوں کی ترجیحات کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں سیلاب اور بارشوں سے ہونے والے نقصانات سے بچا جا سکے۔