اردو ورلڈکینیڈا ( ویب نیوز )حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔
کمیٹی کے سربراہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اٹارنی جنرل کے ذریعے مذاکرات کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی جس میں کہا گیا ہے کہ حکومتی اتحادی اور اپوزیشن نے ملک بھر میں انتخابات ایک ہی تاریخ پر کرانے پر اتفاق کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک کے بہترین مفاد میں مذاکراتی عمل کی بحالی کے لیے تیار ہیں۔ تحریک انصاف نے الیکشن ایک تاریخ پر کرانے پر رضامندی ظاہر کر دی۔ انتخابات کے معاملے پر فریقین کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔
حکومتی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی اور باقی صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کی تاریخ پر اتفاق نہیں ہوسکا۔ حکومتی اتحادیوں نے مذاکرات میں لچک دکھائی۔ اس کے علاوہ اسمبلیاں قبل از وقت تحلیل کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز 27 اپریل کو سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا جس میں عدالت نے واضح کیا تھا کہ 4 اپریل کے فیصلے کے مطابق 14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کا حکم برقرار رہے گا۔ سپریم کورٹ نے نہ تو کوئی ہدایت دی اور نہ ہی عدالت کا مذاکراتی عمل میں کوئی کردار ہے۔