اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے اپنی تازہ رپورٹ میں پاکستان کی معیشت کی صورتحال کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مالی سال 2025 کے لیے ملک کی مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو کو پہلے متوقع 2.7 فیصد سے بڑھا کر 3.0 فیصد کر دیا گیا ہے، اور رپورٹ میں گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں 5.7 فیصد کی مضبوط گروتھ ریکارڈ کرنے کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جو معیشت میں واضح بہتری اور صنعتوں کی پیداوار میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بڑے صنعتی شعبوں میں پیداوار میں نمایاں تیزی آئی ہے اور یہ رجحان موجودہ مالی سال میں بھی جاری رہنے کی توقع ہے، اس کے ساتھ ہی جون 2025 کے شدید سیلاب کے باوجود معیشت نے اپنی رفتار برقرار رکھی، جبکہ کاروباری ماحول میں سازگاری، سرمایہ کاری میں بہتری، اور پرائیویٹ سیکٹر کے لیے کریڈٹ میں اضافے نے مجموعی معاشی ترقی کی حمایت کی ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی کہ اگرچہ بیرونی طلب کمزور اور تجارتی شعبے میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، تاہم ملکی کھپت میں اضافہ اور صنعتوں میں بحالی نے معیشت کے ترقیاتی رجحان کو مستحکم کیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کی معیشت داخلی سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کی بدولت مضبوط بنیادوں پر ترقی کی جانب گامزن ہے۔