64
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیو ز ) برطانیہ میں ہفتے میں چار دن کام کرنے کا ماڈل اب صرف ایک تجربہ نہیں رہا بلکہ ایک مستقل پالیسی بنتا جا رہا ہے۔
4 Day Week Foundation کی نگرانی میں کیے گئے ایک چھ ماہ کے کامیاب تجربے کے بعد 17 کمپنیوں نے اس ماڈل کو مستقل طور پر اپنانے کا فیصلہ کیا ہے، جب کہ مجموعی طور پر اب 234 کمپنیاں چار دنہ ورک ویک پر منتقل ہو چکی ہیں۔ماہرین کے مطابق، اس ماڈل نے نہ صرف ملازمین کی ذہنی صحت میں بہتری لائی بلکہ کام کی پیداواری صلاحیت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ملازمین کم دنوں میں زیادہ کام مکمل کرتے ہیں، کیونکہ وہ کم ذہنی دباؤ اور بہتر ذاتی وقت کے ساتھ زیادہ متحرک ہوتے ہیں۔
چار دن کام سے ملازمین میں ذہنی دبائو کم ہوا ، بیماری کی چھٹیوں میں کمی اور مجموعی طور پر کمپنیوں کی کارکردگی میں اضافہ ہوا ، ملازمین کے نوکریوں سے مطمئن ہونے کی شرح بھی 90 فیصد تک پہنچ گئی
متعدد کمپنیوں کا کہنا ہے کہ کم ورکنگ ڈیز کے باوجود منافع میں کوئی کمی نہیں آئی، بلکہ کچھ شعبوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اس ماڈل نے نئی بھرتیوں میں بھی مدد کی ہے کیونکہ زیادہ لوگ ان اداروں میں کام کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان جاری رہا تو مستقبل میں برطانیہ کی اکثریتی کمپنیاں ہفتے میں چار دن کام کے اصول کو اپنا لیں گی، جس سے نہ صرف معاشی بلکہ سماجی بہتری بھی آئے گی۔